سیلابی پانی کے استعمال پر کسی صوبے کو اعتراض کا حق نہیں:عظمیٰ بخاری

03:26 PM, 23 Apr, 2025

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سیلابی پانی کے استعمال کے حوالے سے کسی صوبے کی طرف سے ڈکٹیشن دینے کی ضرورت نہیں۔ لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں پر سندھ کو اعتراض کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔

عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ مجوزہ کینالز منصوبے میں صرف سیلابی پانی استعمال کیا جائے گا، تاکہ اس پانی کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے اور اس کا فائدہ اٹھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک کوئی نہر تعمیر نہیں ہوئی، لیکن اس منصوبے پر اتفاق رائے کے لیے کوششیں جاری ہیں، اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کیا جائے گا۔

وزیر اطلاعات نے پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی گزشتہ 16 سال سے سندھ میں اقتدار میں ہے، لیکن کسانوں کے مسائل ابھی تک حل نہیں ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی گمراہ کن بیانات دے گی تو ہم خاموش نہیں رہیں گے اور ہر بیان کا جواب دیں گے۔

یاد رہے کہ دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے مجوزہ منصوبے کے خلاف سندھ میں احتجاج جاری ہے، جس کے باعث سکھر بائی پاس پر وکلا کا دھرنا سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو متاثر کر رہا ہے۔

مزیدخبریں