ٹورانٹو:ویب ڈیسک : سکھ فار جسٹس کے سربراہ گرپتونت سنگھ پنوں نے پہلگام حملے کو بھارت کی طرف سے ایک فالس فلیگ آپریشن قرار دیا ہے، جس کا مقصد کشمیریوں کی پُرامن آزادی تحریک کو بدنام کرنا تھا۔ پنوں نے اس حملے کو بھارتی خفیہ ایجنسی را کا ایک منصوبہ سمجھا، جس کا مقصد جے ڈی وینس کے دورے کے دوران عالمی ہمدردی حاصل کرنا تھا۔
پنوں نے کہا، "اگر یہ حملہ کشمیریوں کے مفاد میں ہوتا تو ہم اس کی حمایت کرتے، مگر حقیقت یہ ہے کہ اس کا فائدہ صرف مودی حکومت کو ہوا ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے یہ حملہ نائب امریکی صدر کے دورے کے دوران عالمی سطح پر حمایت حاصل کرنے کے لیے کیا۔
گرپتونت سنگھ پنوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ حملہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کی ایک اور مثال ہے، جس میں را اور بھارتی حکومت کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا، "اس دہشت گردی کی سکھ فار جسٹس شدید مذمت کرتی ہے۔
پنوں نے ماضی میں بھارت کی دہشت گردی کی کارروائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت خود عالمی سطح پر دہشت گردی میں ملوث ہے، خصوصاً امریکہ، کینیڈا اور پاکستان میں۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیر کے عوام کو حقِ خودارادیت دینے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔