بلوچستان : مستونگ میں پولیو ٹیم پر فائرنگ ، سکیورٹی پر مامور 2 لیویز اہلکار شہید ہوگئے

01:45 PM, 23 Apr, 2025

مستونگ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور لیویز اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔ واقعہ یوسی موبی کے علاقے میں پیش آیا۔

فائرنگ کے نتیجے میں دو اہلکار شہید اور ایک زخمی ہو گیا۔ شہداء اور زخمی کو فوری طور پر شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مستونگ میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر ہونے والے دہشتگرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے اس حملے میں شہید ہونے والے لیویز اہلکاروں کے لیے افسوس کا اظہار کیا، ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی، اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا بھی کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ بزدلانہ حملے دہشتگردوں کی انسان دشمنی کا ثبوت ہیں، اور حکومت انہیں ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان واقعات سے پولیو کے خاتمے کا ہمارا عزم کمزور نہیں ہو گا۔ انہوں نے عوام کو پیغام دیا کہ مایوسی کی ضرورت نہیں، اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ وہ محفوظ مستقبل کی طرف بڑھ سکیں۔ انسداد پولیو مہم پوری قوت اور تسلسل سے جاری رہے گی۔

مزیدخبریں