اسلام آباد: مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں فائرنگ کے دلخراش واقعے میں 27 سیاح جاں بحق ہو گئے، جس پر پاکستان نے افسوس اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس حملے پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہیں اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتے ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
یہ حملہ اننت ناگ کے علاقے میں ہوا، جہاں نامعلوم افراد نے سیاحوں پر اندھا دھند فائرنگ کی اور فرار ہو گئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حملے کا نشانہ بائی سرن وادی میں تفریح کے لیے آئے افراد بنے۔ افسوسناک پہلو یہ ہے کہ واقعے کے فوراً بعد بھارتی میڈیا نے بغیر کسی تحقیق کے پاکستان پر الزامات لگانا شروع کر دیے۔ سوشل میڈیا پر بھی "پاکستان کا ہاتھ" کا بیانیہ پھیلایا گیا اور بھارتی چینلز نے واقعے کو "پاکستانی دہشت گردی" قرار دے دیا۔
پاکستان نے ایسے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کی بے بنیاد باتیں صرف سیاسی مقاصد کے لیے کی جاتی ہیں اور ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔