خیبرپختونخوا کابینہ کا اجلاس کل ہوگا، 13 نکاتی ایجنڈا جاری

10:56 AM, 23 Apr, 2025

پشاور: خیبرپختونخوا کابینہ کا 31 واں اجلاس 24 اپریل کو وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی صدارت میں ہوگا، جس کے لیے 13 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔

اس اجلاس میں کئی اہم فیصلے متوقع ہیں، جن میں خیبرپختونخوا چیریٹی ایکٹ 2019 میں ترمیم کی منظوری شامل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ زمین سے متعلق پرانے قوانین (مغربی پاکستان لینڈ ریونیو رولز 1967) کو اپ ڈیٹ کرنے کے لیے نئے قواعد بنانے پر بھی غور ہوگا۔ کابینہ اجلاس میں صوبائی محتسب کی سفارشات کے خلاف دی گئی درخواستوں پر بھی بات ہوگی، جبکہ آئی ٹی بورڈ کے نئے ممبران کی نامزدگی کی منظوری دی جائے گی۔

اس کے علاوہ محکمہ صنعت کے بچ جانے والے 2.5 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دی جائے گی۔ زرعی تحقیقاتی اصلاحات بل 2025 پر بھی فیصلہ متوقع ہےاور  میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشن کے قوانین میں ترمیم کی منظوری شامل ہے۔
مزید یہ کہ بی آر ٹی منصوبے کے لیے اضافی فنڈز، ڈبلیو ایس ایس سی ہری پور کے بورڈ ممبران کی منظوری، اور انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کے لیے دو نئی گاڑیوں کی خریداری پر بھی غور ہوگا۔ اجلاس میں سوشل ویلفیئر، خصوصی تعلیم اور خواتین کی بہبود سے متعلق قواعد میں تبدیلی بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔

مزیدخبریں