پاکستان میں شاید ہی کوئی ایسا دن گزرتا ہو جب ایک عام شہری نے چائے کے کئی کپ نہ پیے ہوں۔ صبح آنکھ کھلتے ہی چائے، ناشتے کے ساتھ چائے، دفتر یا کام پر پہنچ کر چائے، دس بجے چائے، دوپہر کے کھانے کے بعد چائے، سہ پہر میں چائے، شام کو چائے اور رات سونے سے پہلے چائے, بارش ہو جائے تو چائے، دفتر میں کام کا دباو¿ ہو تو چائے، دوست مل جائیں تو چائے، عزیز و اقارب آ جائیں تو چائے اور کبھی کبھی کام کاج نہ ہو تو بھی چائے بلکہ پھر تو ٹینشن میں چائے پہ چائے۔ کروڑوں لوگوں کو چائے کی طلب صرف جسمانی ضرورت سے ہی نہیں سماجی اور نفسیاتی عادت سے بھی پیدا ہوتی ہے۔
اتنے تواتر سے چائے پہ چائے پینے کے معمول سے یوں محسوس ہوتا ہے جیسے پاکستانیوں کی زندگیوں کا واحد مقصد اور واحد مصروفیت چائے پینا ہی ہے۔ مہمان آ جائے تو پہلا حکم چائے لانے کا ہی دیا جاتا ہے۔ کسی کے ہاں جائیں تو جھٹ سے چائے پیش کی جاتی ہے، کسی کو ملاقات کیلئے بلانا ہو تو "چائے پر تشریف لائیے" کہا جاتا ہے۔ کسی سے ملنا ہو تو " چائے پر ملتے ہیں " کہا جاتا ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان میں چائے کی علت مشروب سے بڑھ کر ہماری معاشرتی پہچان , زندگی بلکہ سب کچھ بن چکی ہے۔
اس علت کے دوسرے رخ پر قومی سطح پر بہت کم بات ہوتی ہے۔ پاکستان چائے درآمد کرنیوالے بڑے ممالک میں شامل ہے۔ اس درآمد کیلئے ہر سال سیکڑوں ملین ڈالر بیرون ملک بھیجے جاتے ہیں۔ پاکستان نے 24 -23 میں 260,286 ٹن چائے درآمد کی جسکی مالیت 657 ملین ڈالر تھی۔ سال 25- 24 میں 246,514 ٹن رہی، لیکن درآمدی بل 629 ملین ڈالر رہا۔ یہ معمولی رقم نہیں۔ ایسے ملک میں جہاں زرمبادلہ کا ایک ایک ڈالر اہم ہو 600 ملین ڈالر سے زائد کی چائے کی درآمد سوچنے پر مجبور کرتی ہے کہ ہماری ترجیحات کیا ہیں اور کیا ہونی چاہئیں۔
چائے درآمد کرنا بذاتِ خود معاشی جرم نہیں۔ مسئلہ وہاں پیدا ہوتا ہے جہاں ضرورت اور عادت کے درمیان فرق ختم ہو کر علت اور نشہ بن جائے۔ ایک کپ چائے کے بعد دوسرا کپ صرف اس لیے پیا جائے کہ "چائے کا وقت ہو گیا ہے"۔ ہمارے ہاں چائے وقت بے وقت یعنی کسی بھی وقت پی جاتی ہے۔ پاکستانی روزانہ کم و بیش دو سے آٹھ دس کپ چائے پی جاتے ہیں۔ پاکستان میں چائے کا استعمال موسم کا بھی پابند نہیں۔ 45 , 50 ڈگری کی گرمی میں پسینے میں شرابور لوگ بھی گرما گرم چائے کا کپ اٹھائے ہوتے ہیں اور سردیوں میں تو جیسے چائے قومی علت کا درجہ پا لیتی ہے۔
اس عادت کا سب سے بڑا معاشی پہلو صرف قومی درآمدی بل ہی نہیں بلکہ گھر کے بجٹ پر بھی اسکا اثر ہوتا ہے۔ ایک کپ چائے کی قیمت بظاہر معمولی محسوس ہوتی ہے، مگر جب روزانہ کئی کپ چائے سال کے 365 دن، ایک خاندان کے کئی افراد کے استعمال میں ہوں تو مجموعی خرچ قابلِ ذکر بن جاتا ہے۔ اسکے ساتھ دودھ، چینی، گیس یا بجلی، بسکٹ اور دیگر لوازمات بھی شامل ہو جائیں تو "صرف چائے" کا خرچ دراصل صرف چائے کا خرچ نہیں رہتا۔
دفاتر اور کاروباری اداروں میں بھی یہی صورتحال ہے۔ بار بار چائے کے وقفے نہ صرف چائے کی لاگت بڑھاتے ہیں بلکہ وقت اور کام کی صلاحیت کو بھی بے حد متاثر کرتے ہیں۔ کام پر دھیان کم اور چائے پر زیادہ ہوتا ہے۔ اگر ایک ملازم دن میں کئی مرتبہ چائے کیلئے کام چھوڑتا ہے تو ایک کپ کی قیمت سے زیادہ اہم سوال اسوقت کا ہے جو مجموعی طور پر ضائع ہوتا ہے۔ بڑے اداروں میں سیکڑوں ملازمین کے معاملے میں یہ معمولی وقت بھی سال بھر میں قابلِ ذکر پیداواری لاگت بنتا ہے۔
چائے کو "چائے بری ہے" کے جملے تک محدود کرنا بھی درست نہیں۔ چائے میں کیفین اور پولی فینولز موجود ہوتی ہے۔ 8 اونس چائے میں کیفین کی مقدار چائے کی قسم کے لحاظ سے مختلف ہوتی ہے۔ بعض لوگوں میں نسبتاً کم مقدار بھی خشکی, بے چینی اور نیند میں خلل پیدا کرتی ہے۔
اصل مسئلہ چائے کی مقدار ، وقت اور فرد کی جسمانی کیفیت ہے۔ رات گئے بار بار چائے پینا نیند کے معیار کو متاثر کرتا ہے کیونکہ کیفین کئی گھنٹوں تک جسم پر اثر انداز رہتی ہے۔ نیند پہلے ہی ذہنی دباو¿ اور بے قاعدہ اوقاتِ کار کے باعث اہم مسئلہ ہے۔ اس لیے رات گئے مسلسل کیفین کا استعمال غیر ضروری اضافی عامل بنتا ہے۔
حکومت لوگوں سے چائے نہیں چھڑا سکتی ہے۔چائے کا نشہ پاکستانی معاشرت کا حصہ بن چکا ہے۔ اصل ضرورت چائے پر پابندی نہیں بلکہ اعتدال، آگاہی اور معاشی شعور ہے۔ اگر کوئی شخص دن میں ایک یا دو کپ چائے پیتا ہے تو اسے صحت اور قومی معیشت کا دشمن قرار نہیں دیا جا سکتا۔ مسئلہ غیر ضروری طور پر پانچ، چھ یا اس سے زیادہ کپ چائے روزانہ پینے، ہر ملاقات کو چائے سے جوڑنے، کھانے کے فوراً بعد چائے پینے اور رات گئے چائے کی صورت میں کیفین استعمال کرنے کی عادت کا ہے۔
پاکستانی گھرانوں میں ایک سادہ تبدیلی بھی نمایاں فرق پیدا کر سکتی ہے۔ مہمان آئے تو ہر مرتبہ چائے لازم نہ ہو۔ دفتر میں ہر گھنٹے دو گھنٹے بعد چائے کا وقت نہ ہو۔ ہر کھانے کے فوراً بعد چائے پینا لازم کر لیا گیا ہے۔ رات دیر سے کیفین والی چائے سے گریز کیا جائے۔ چینی کی مقدار کم کی جائے۔ اور جہاں مناسب ہو، پانی، دودھ یا بغیر کیفین والے مشروبات کو بھی سماجی روایت کا حصہ بنایا جائے۔
پاکستان میں چائے کا کپ ہماری ثقافت، مہمان نوازی اور روزمرہ زندگی کی علامت بن چکی ہے۔ جب چائے کے یہی کپ ضرورت سے زیادہ ہو جائیں تو اسکے اثرات گھر کی جیب سے نکل کر قومی معیشت اور اکثر صحت تک پہنچ جاتے ہیں۔ ہر سال 600 ملین ڈالر سے زائد کی چائے کی درآمد ہمیں یہ سوال ضرور کرنے پر مجبور کرتی ہے کہ کیا ہم اپنی اس عادت کو متوازن نہیں بنا سکتے؟۔
بات پاکستانیوں کی چائے چھوڑنے کی نہیں، چائے کے استعمال میں اعتدال پیدا کرنے کی ہے۔ روزانہ آٹھ دس کپ چائے پینے کی بجائے مجموعی استعمال میں کمی لائی جائے، دفاتر غیر ضروری چائے کے معمول کو کم کریں۔ کھانے کیساتھ فوری چائے پینے کی عادت بدلی جائے اور اگر حکومت مقامی چائے کی پیداوار کو سنجیدگی سے آگے بڑھائے تو فائدہ بیک وقت صحت، گھریلو و قومی بجٹ، وقت، زرِمبادلہ اور قومی معیشت کو پہنچ سکتا ہے۔
مسئلہ چائے پینے کا نہیں بلکہ بے حساب چائے پینے کا ہے۔ ایک کپ چائے خوشی، گفتگو اور مہمان نوازی کا ذریعہ ہو سکتا ہے لیکن جب دن کا ہر وقفہ چائے کے کپ کا محتاج ہو جائے تو ہمیں اپنے معمول پر ضرور نظر ثانی کرنی چاہیے۔ جس ملک کو ایک ایک ڈالر کی ضرورت ہو وہاں ہر غیر ضروری درآمدی عادت پر قومی سطح پر غور کیوں نہ کیا جائے؟
چائے کا کپ ایک ضرورت، عادت یا علت
11:07 AM, 22 Sep, 2026