اسلام آباد:سندھ کے شہر حیدرآباد سے پولیو وائرس کا نیا کیس سامنے آ گیا، جس کے بعد 2025 میں ملک بھر میں رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی تعداد 27 ہو گئی ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (EOC) کے مطابق رواں سال سندھ میں اب تک 7 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جو کہ صوبے میں وائرس کی مسلسل موجودگی کا ثبوت ہے۔
حکام نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ ہر انسداد پولیو مہم میں اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں کیونکہ پولیو ایک ایسا مرض ہے جو عمر بھر کی معذوری کا سبب بن سکتا ہے۔
ای او سی کے مطابق اگلی ملک گیر پولیو مہم 13 سے 19 اکتوبر کے دوران چلائی جائے گی، جس میں چار لاکھ سے زائد پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین پلائیں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پولیو کے خاتمے کے لیے والدین کے ساتھ ساتھ اساتذہ، علمائے کرام، میڈیا اور مقامی کمیونٹی کا کردار بھی نہایت اہم ہے۔