کراچی:اداکارہ اور ٹی وی میزبان نادیہ خان نے عائشہ عمر کے ریئلٹی شو ’لازوال عشق‘ کے یوٹیوب پر نشر ہونے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
یہ شو 29 ستمبر سے یوٹیوب پر نشر کیا جائے گا، جس کے ٹیزر اور ٹریلر کے بعد سوشل میڈیا پر اس پر پابندی کے مطالبات سامنے آئے تھے۔ تاہم عائشہ عمر نے واضح کیا کہ یہ شو ڈیٹنگ شو نہیں بلکہ سچی محبت کی تلاش پر مبنی ہے۔
’لازوال عشق‘ میں چار لڑکے اور چار لڑکیاں ایک بنگلے نما محل میں کئی ہفتوں تک رہیں گے جہاں وہ ایک دوسرے کے ساتھ مختلف باتیں شیئر کریں گے۔
’کیا ڈرامہ ہے‘ پروگرام میں نادیہ خان، عتیقہ اوڈھو اور مرینہ خان نے اس شو کی حمایت کی۔ مرینہ خان نے بتایا کہ یہ شو پہلے عربی اور ترکی زبانوں میں پیش کیا جا چکا ہے اور اب اردو زبان میں پیش کیا جا رہا ہے۔
عتیقہ اوڈھو نے کہا کہ یوٹیوب پر بہت سی ویب سیریز موجود ہیں، اس لیے ’لازوال عشق‘ پر پابندی عائد کرنا مناسب نہیں ہوگا۔ مرینہ خان نے خبردار کیا کہ پاکستان میں ’برزخ‘ جیسی ویب سیریز پر پابندی عائد کی گئی ہے اور ممکن ہے کہ ’لازوال عشق‘ کے یوٹیوب چینل کو بھی بند کیا جائے۔
نادیہ خان نے کہا کہ یوٹیوب پر نشر ہونا بہتر ہے جہاں دیکھنے والے اپنی مرضی سے شو دیکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’’ایسا نہ ہو کہ بنگلے میں لڑکا اور لڑکی داخل ہوں اور باہر تین نکلیں۔‘‘