دبئی : ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت کی پاکستان پر چھ وکٹوں سے جیت کھیل کے میدان سے زیادہ غیر روایتی مناظر اور تنازعات کی وجہ سے زیر بحث رہی۔ ٹاس کے وقت ہاتھ نہ ملانے سے لے کر حارث رؤف کے ’چھ صفر‘ کے اشارے تک، یہ میچ کرکٹ کے دائرے سے نکل کر سیاسی اور جذباتی کشمکش کی علامت بن گیا۔
اتوار کو دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بھارت کو 172 رنز کا ہدف دیا، جو بھارت نے 19ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ لیکن اس میچ کی سب سے زیادہ توجہ پانچ تنازعات نے حاصل کی، جو سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنے رہے۔
1. مصافحہ نہ کرنے کی روایت برقرار
دوسری بار کپتانوں نے ٹاس کے بعد ہاتھ نہیں ملایا۔ پاکستان نے الزام لگایا کہ میچ ریفری نے مصافحے سے روکا، لیکن آئی سی سی نے اسے صرف ایک غلط فہمی قرار دیا۔
2. حارث رؤف کا ’0-6‘ اشارہ
حارث رؤف کی وائرل تصویر، جس میں وہ ہاتھوں سے ’0-6‘ کا اشارہ کرتے نظر آئے، بھارت کے خلاف چھ مبینہ فتوحات یا فوجی پس منظر سے جوڑی گئی۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے اشارے کو سراہا، جس پر بھی تنقید ہوئی۔
3. فرحان کا متنازع جشن
صاحبزادہ فرحان نے نصف سنچری کے بعد بلّا بندوق کی طرح اٹھایا، جسے بھارتی حلقوں نے اشتعال انگیز انداز قرار دیا اور ’سپورٹس مین شپ‘ کی خلاف ورزی کہا۔
4. فخر زمان کی وکٹ پر سوالات
ری پلے میں واضح طور پر گیند زمین کو چھوتی نظر آئی، مگر تھرڈ امپائر نے فخر زمان کو آؤٹ قرار دیا۔ یہ فیصلہ پاکستانی شائقین کے لیے ناقابل قبول رہا۔
5. حارث اور ابھیشیک میں تلخی
بھارتی اننگز کے دوران حارث رؤف اور ابھیشیک شرما کے درمیان گرما گرم جملوں کا تبادلہ ہوا، جس پر امپائرز کو مداخلت کرنا پڑی۔ ابھیشیک کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑی بلاوجہ اشتعال دلا رہے تھے۔