امریکہ اور اسرائیل کی فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کے اعلان پر سخت تنقید

09:59 AM, 22 Sep, 2025

واشنگٹن : امریکہ نے برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا اور دیگر ممالک کی طرف سے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کے اعلان کو صرف نمائشی اور غیر سنجیدہ اقدام قرار دیا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ان کی ترجیح امن کے لیے حقیقی سفارتکاری ہے، نہ کہ ایسے اعلان جو صرف دکھاوے کے لیے ہوں۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ خطے میں امن صرف حماس کے بغیر ممکن ہے اور اسرائیل کی سیکیورٹی اور یرغمالیوں کی رہائی ان کی اولین ترجیح ہے۔

برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے کہا کہ فلسطینی ریاست کی تسلیم دو ریاستی حل کی حمایت ہے، جو خطے میں امن کا واحد راستہ ہے۔ آسٹریلوی وزیراعظم نے بھی فلسطین کو ریاست تسلیم کرنا امن اور انصاف کا تقاضا بتایا۔ کینیڈا نے اقوام متحدہ میں فلسطین کو باضابطہ ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے اور دو ریاستی حل کی حمایت کی ہے۔

اسرائیل نے ان ممالک کے فیصلے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی تعمیر جاری رکھے گا اور فلسطینی ریاست کے قیام کی ہر کوشش کو ناکام بنائے گا۔ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا کہ وہ فلسطینی ریاست کا قیام کبھی قبول نہیں کریں گے۔

فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے کہا ہے کہ اسرائیل کی حماس کے خلاف حکمت عملی ناکام ہو چکی ہے اور امن کے لیے دو ریاستی حل ضروری ہے۔ سعودی عرب نے بھی ان ممالک کے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔

مزیدخبریں