نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نیویارک پہنچ گئے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کریں گے

10:29 AM, 22 Sep, 2025

نیویارک : نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نیویارک پہنچ گئے ہیں جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ یہ اجلاس 22 سے 26 ستمبر تک جاری رہے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف آج نیویارک پہنچیں گے اور وہ بھی اقوام متحدہ کے 80ویں سالانہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ نیویارک پہنچنے پر اسحاق ڈار کا استقبال پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد، امریکی سفیر رضوان سعید شیخ اور دیگر اہم حکام نے کیا۔

وزیراعظم اپنے خطاب میں دنیا کی توجہ خاص طور پر مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کی صورتحال کی طرف مبذول کرائیں گے، خاص طور پر غزہ میں انسانی بحران پر روشنی ڈالیں گے اور فلسطینی عوام کی مدد کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیں گے۔

اس کے علاوہ وہ علاقائی امن، ماحولیاتی تبدیلی، دہشت گردی، اسلاموفوبیا اور ترقی جیسے اہم مسائل پر پاکستان کا موقف بھی پیش کریں گے۔

 نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا پروگرام کافی بھرپور ہوگا۔ وہ وزیراعظم کے ساتھ اہم اجلاسوں میں شریک ہوں گے اور مختلف ممالک کے وزراء اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان کی دو طرفہ ملاقاتوں کی تعداد بھی تقریباً بارہ سے زائد ہوگی۔

مزیدخبریں