راولپنڈی:ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے رومانیہ کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے رومانیہ ایئر فورس کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل لیونارڈ گیبریل بارابوئی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے دوطرفہ دفاعی تعاون کو فروغ دینے اور مشترکہ فضائی مشقوں، تربیتی تبادلوں، اور عملے کی استعداد بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
رومانیہ ایئر فورس ہیڈ کوارٹرز پر ائیر چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی سلامتی کے مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا اور عالمی و علاقائی امن کے فروغ میں تعاون کی اہمیت پر اتفاق کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل بارابوئی نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور بھارتی جارحیت کے خلاف حالیہ کامیابیوں کو سراہتے ہوئے پاک فضائیہ کی دفاعی خودکفالت میں پیش رفت کو بھی سراہا۔
دونوں فضائی سربراہان نے ایرو اسپیس ٹیکنالوجی میں دفاعی شراکت داری کے مواقع اور مشترکہ دفاعی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مضبوط ادارہ جاتی تعاون پر اتفاق کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ دورہ پاکستان اور رومانیہ کے دفاعی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے میں اہم کردار ادا کرے گا اور دونوں ممالک کے درمیان امن و ترقی کے عزم کو مضبوط کرے گا۔