اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آئندہ چند دنوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں موسم کی پیشگوئی کی ہے۔ بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم پہاڑی علاقوں میں رات اور صبح کے وقت سردی بڑھنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں جزوی طور پر آسمان ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔ اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں موسم خشک رہے گا، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقے سرد رہیں گے۔ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم خشک اور سرد رہے گا، جبکہ خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہے گی۔
محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایا کہ مسلسل خشک موسم اور فضائی آلودگی کی وجہ سے مشرقی پنجاب کے کچھ اضلاع، جیسے لاہور، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، فیصل آباد اور سیالکوٹ میں اسموگ کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
شہریوں کو اسموگ سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں اسموگ کی شدت زیادہ ہو سکتی ہے۔