وزیر داخلہ محسن نقوی کی چیئرمین سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری سے ملاقات، مذہبی ہم آہنگی پر بات چیت

10:37 AM, 22 Oct, 2025

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے ملک میں مذہبی ہم آہنگی بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ اس ملاقات میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ تھے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر واضح کیا کہ مدارس اور مساجد کی بندش کے حوالے سے جو پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، وہ بے بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مسجد یا مدرسے کو بند نہیں کیا جائے گا، کیونکہ اسلام امن اور محبت کا پیغام دیتا ہے اور یہاں تشدد یا شرانگیزی کی کوئی جگہ نہیں ہے۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور اس میں علمائے کرام کا کردار انتہائی اہم رہا ہے۔ انہوں نے تمام فریقوں کو دعوت دی کہ وہ مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں، کیونکہ پاکستان کی ترقی کے لیے سب کو ایک ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ ہر شخص کو اپنے احتجاج کا حق حاصل ہے، مگر ہمیں اس بات کو ذہن میں رکھنا چاہیے کہ ہم سب کو ملک کے مفاد میں ایک ساتھ چلنا ہے۔

چیئرمین سنی تحریک ثروت اعجاز قادری نے اس ملاقات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ سنی تحریک مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں اپنی تمام تر کوششیں کرے گی۔

مزیدخبریں