پنجاب حکومت کے اقدامات , لاہور میں ہوا کا معیار بہتر رہنے کا امکان

12:23 PM, 22 Oct, 2025

لاہور: پنجاب حکومت کے اقدامات اور کم رفتار ہواؤں کے باعث آج لاہور میں ہوا کا معیار بہتر رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ ماحولیات کے مطابق مشرق سے مغرب کی جانب چلنے والی ہواؤں سے لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 220 سے 240 کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

بھارت میں دیوالی کے دوران آتشبازی اور پرالی جلانے سے جو سموگ پیدا ہوئی تھی، وہ ہواؤں کے ذریعے لاہور اور پنجاب کے دوسرے شہروں میں پھیل گئی تھی۔ تاہم، پنجاب حکومت کے اینٹی سموگ آپریشن نے اس صورتحال کو کنٹرول کیا، جس کے اثرات آج لاہور میں صاف ہوا کی صورت میں دیکھے جا سکتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آج صبح ہوا کی رفتار 3 سے 8 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کی توقع ہے اور درجہ حرارت کم رہے گا۔ بارش کا امکان نہیں ہے، لیکن صبح سویرے اور رات کے وقت ہوا کا معیار دوبارہ خراب ہو سکتا ہے۔ شام کے اوقات میں ٹریفک، کمرشل گاڑیوں کی آمدورفت، اور بھارت سے آنے والی آلودگی کی وجہ سے اے کیو آئی بڑھنے کا خدشہ ہے۔

دوپہر کے وقت فضائی معیار بہتر رہے گا، جب کہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے اور ہوا کی رفتار 11 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھ جائے گی۔

پنجاب حکومت نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ بچے، بزرگ افراد اور سانس یا دل کے مریض صبح سویرے اور شام کے قریب باہر نکلنے سے گریز کریں۔

پنجاب حکومت کا اینٹی سموگ آپریشن جاری ہے اور زیادہ آلودہ علاقوں میں اینٹی سموگ گنز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ، تعمیراتی مقامات پر پانی کا چھڑکاؤ بھی جاری رہے گا اور دھول مٹی سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔ لاہور میں بڑی گاڑیوں کی آمدورفت پر بھی کنٹرول رکھا جا رہا ہے۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ عوام کا تعاون سموگ کم کرنے میں بہت ضروری ہے۔

مزیدخبریں