"نئی بابا وانگا" کی پیشگوئی سے جاپان میں خوف کی لہر، سیاحوں نے سفر منسوخ کر دیا

03:24 PM, 22 May, 2025

ٹوکیو:جاپان کی مشہور مانگا آرٹسٹ ریو تاتسوکی کی حالیہ پیشگوئی نے عالمی سطح پر تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ ان کی کتاب "The Future I Saw" میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جولائی 2025 میں جاپان اور فلپائن کے درمیان سمندر میں ایک بڑا زلزلہ اور سونامی آ سکتا ہے، جو 2011 کے سونامی سے تین گنا زیادہ تباہ کن ہوگا۔

ریو تاتسوکی کو "جاپان کی نئی بابا وانگا" کہا جا رہا ہے، کیونکہ ان کی پچھلی پیشگوئیاں، جیسے 2011 کا توہوکو زلزلہ اور فریڈی مرکری کی موت، درست ثابت ہو چکی ہیں۔تاتسوکی کی پیشگوئی کے بعد، ہانگ کانگ کی مشہور ٹریول ایجنسی WWPKG نے رپورٹ کیا ہے کہ جاپان جانے والے سیاحوں کی تعداد میں 50 فیصد تک کمی آئی ہے۔ سیاحوں میں خوف و ہراس اور سونامی کے خطرات کے باعث سفر منسوخ کر دیے گئے ہیں، جس سے جاپان کے سیاحتی شعبے پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

اگرچہ جاپان کے حکام نے اس پیشگوئی کو مسترد کیا ہے، تاہم چینی سفارتخانے نے جاپان میں موجود اپنے شہریوں کو قدرتی آفات سے بچاؤ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے۔ اس سے عوامی خدشات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

سوشل میڈیا پر #July2025Prediction کے ہیش ٹیگ کے ساتھ اس موضوع پر بحث چھڑ گئی ہے۔ کچھ افراد اس پیشگوئی کو سنجیدہ لے رہے ہیں، جبکہ دوسروں کا کہنا ہے کہ یہ محض ایک اتفاق ہے۔

مزیدخبریں