بھارت سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرے گا تو چھ دریا پاکستان کے ہوں گے، ترجمان پاک فوج

03:01 PM, 22 May, 2025

اسلام آباد:پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے خبردار کیا ہے کہ اگر بھارت سندھ طاس معاہدے پر عملدرآمد سے انکار کرتا ہے تو کشمیری عوام کی آزادی کی صورت میں تمام چھ دریا پاکستان کی ملکیت ہوں گے۔ انہوں نے یہ بات قطر کے نشریاتی ادارے "الجزیرہ" کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں کہی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کی حالیہ فوجی جارحیت کا پاکستانی مسلح افواج نے نہایت مؤثر جواب دیا، جس میں دشمن کے 6 جنگی طیارے مار گرائے گئے اور 26 میں سے تمام عسکری اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا، "ہم نے بھارتی جارحیت کے خلاف اعلان کے ساتھ جواب دیا، اندھیرے میں چھپ کر حملہ نہیں کیا۔ یہ جنگ صرف میدانِ جنگ تک محدود نہیں رہی بلکہ جھوٹ، فریب اور بھارتی پروپیگنڈے کو بھی بے نقاب کیا گیا۔"

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ 1960 میں ہونے والا سندھ طاس معاہدہ ورلڈ بینک کی ثالثی سے طے پایا تھا، جس کے تحت تین دریا بھارت جبکہ تین دریا پاکستان کو دیے گئے تھے۔ تاہم کشمیر چونکہ ایک متنازع علاقہ ہے، اس لیے اگر وہاں کے عوام نے پاکستان سے الحاق کا فیصلہ کیا، تو پاکستان ان تمام دریاؤں پر حق رکھے گا۔

انہوں نے کہا، "کوئی بھی ملک 24 کروڑ لوگوں کا پانی نہیں روک سکتا، اور اگر بھارت ایسا سوچتا ہے تو یہ دیوانگی کے سوا کچھ نہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت نے کراچی، امرتسر اور گولڈن ٹیمپل پر حملے کے جھوٹے دعوے کیے، تابکاری پھیلنے جیسے غیر ذمہ دار بیانات دیے، اور جھوٹے شواہد کے ذریعے دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، لیکن کوئی بھی معتبر عالمی ادارہ ان دعووں کو سنجیدگی سے لینے پر آمادہ نہیں ہوا۔"بھارت کو اپنی کہانیوں پر اعتبار ہے، لیکن دنیا نے ان کی فلمی طرز کی کہانیوں کو مسترد کر دیا ہے۔

غزہ کی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ وہاں جاری ظلم نسل کشی کے مترادف ہے، اور عالمی خاموشی اس ظلم کو مزید بڑھا رہی ہے۔"یہ واقعات ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ اقوام کو اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے دفاعی طور پر مضبوط ہونا ضروری ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاکستانی عوام، سیاسی قیادت، سفارتی عملے اور افواج کے باہمی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ حالیہ کشیدگی کے دوران پوری قوم نے یکجہتی کا مظاہرہ کیا، جس نے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا، "6 اور 7 مئی کی درمیانی شب ہونے والی فضائی جھڑپ نہ صرف ہماری عسکری کامیابی تھی بلکہ ایک تاریخی واقعہ ہے جس پر قوم کو فخر ہے۔"

مزیدخبریں