مخصوص نشستوں کا کیس موجودہ بینچ ہی سنے گا ، سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کے اعتراضات مسترد کر دیے

02:44 PM, 22 May, 2025

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں کے اہم کیس میں سنی اتحاد کونسل کی جانب سے دائر اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے فیصلہ دیا ہے کہ کیس کی سماعت اسی 11 رکنی آئینی بینچ کے ذریعے جاری رہے گی۔

سنی اتحاد کونسل نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ یہ کیس موجودہ بینچ نہ سنے اور پہلے 26ویں آئینی ترمیم پر سماعت کی جائے، تاہم عدالت نے دونوں مطالبات رد کر دیے۔

فیصلہ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سنایا گیا، جس میں عدالت نے واضح کیا کہ بینچ آئینی طور پر قائم ہے اور مخصوص نشستوں سے متعلق کیس اسی بینچ کے ذریعے آگے بڑھایا جائے گا۔

عدالت نے سنی اتحاد کونسل کی جانب سے دائر دیگر متفرق درخواستیں بھی مسترد کر دیں، جن میں کیس کی لائیو نشریات پر اعتراض بھی شامل تھا۔ عدالت نے کہا کہ ان اعتراضات پر تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

اہم پیش رفت کے طور پر سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں کے کیس کی براہ راست نشریات کی اجازت دے دی ہے، اور آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کو فوری طور پر لائیو اسٹریمنگ کے انتظامات کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 26 مئی تک ملتوی کر دی ہے۔

مزیدخبریں