حکومت کو شاہ خرچیاں کم کرکے دفاعی اداروں کی تنخواہیں بڑھانی چاہیے،فیصل واوڈا

01:25 PM, 22 May, 2025

اسلام آباد: سینیٹر فیصل واوڈا نے سینیٹ اجلاس کے دوران کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ملک کو درپیش خطرات کے پیش نظر ترقیاتی منصوبوں کی بجائے دفاع پر زیادہ توجہ دینی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہمیں اپنا پیٹ کاٹ کر بھی دفاعی بجٹ بڑھانا پڑے تو وہ کرنا چاہیے۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان کی تنخواہوں کو دوگنا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ ہمارے فوجی کم وسائل میں بھی ملک کی حفاظت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سے مقابلے کے لیے ہمیں صرف بیانات نہیں، بلکہ عملی اور سنجیدہ حکمت عملی پر سرمایہ کاری کرنی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم تب ہی ترقی کا سوچ سکتے ہیں جب بھارت کے ساتھ جنگ جیسے معاملات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ فوج نے ہمیشہ بھارت کے خلاف کامیابی حاصل کی ہے اور ہم بحیثیت قوم محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔ فیصل واوڈا نے یہ بھی کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم دفاعی بجٹ کو دو یا تین گنا کرنے کے امکانات پر سنجیدگی سے غور کریں۔

آخر میں انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اپوزیشن کو اعتماد میں لے، کیونکہ قومی سلامتی جیسے معاملات پر تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اختلافات کو پس پشت ڈال کر اپوزیشن سے بات چیت کرے تاکہ ملک کے مفاد میں بڑے فیصلے کیے جا سکیں۔

مزیدخبریں