غزہ : جنگی جنون میں مبتلا اسرائیل نے ایک بار پھر بین الاقوامی قوانین اور سفارتی آداب کی دھجیاں اڑا دیں۔ اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے علاقے میں دورے پر آئے غیر ملکی سفارتی وفد پر فائرنگ کر دی۔
یہ وفد علاقے میں انسانی حقوق کی صورتحال کا جائزہ لینے اور اسرائیلی اقدامات کی رپورٹ تیار کرنے آیا تھا۔ وفد میں یورپی یونین، برطانیہ اور دیگر 20 سے زائد ممالک کے سفارت کار شامل تھے۔ جیسے ہی وفد مشرقی راستے سے علاقے میں داخل ہوا، اسرائیلی فوج نے ان پر گولیاں برسا دیں۔ سفارتی اہلکاروں نے بھاگ کر اپنی جانیں بچائیں۔ حیرت انگیز طور پر وفد کی آمد سے متعلق اسرائیلی فوج کو پہلے سے آگاہ کیا گیا تھا۔
واقعے کے بعد عالمی سطح پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ یورپی یونین، جرمنی، اسپین، بیلجیئم اور اٹلی نے اسرائیلی اقدام کی مذمت کی ہے، جبکہ اٹلی اور فرانس نے احتجاجاً اسرائیلی سفیروں کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سفارتی عملے پر حملہ ناقابل برداشت اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔