لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پانی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پانی زندگی کی بنیادی ضرورت ہے اور اس کا تحفظ ہماری سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی نہ صرف ہمارے لیے بلکہ آئندہ نسلوں کے لیے بھی انتہائی اہم ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کے مطابق پانی کا ضیاع نہیں کرنا چاہیے، اور ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے۔ انہوں نے عوام کو یاد دہانی کرائی کہ ہر بوند قیمتی ہے اور پانی کے ضیاع کو روکنے کے لیے ہمیں عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے بڑھتی ہوئی آبادی اور موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے آبی ذخائر میں کمی پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آبی ذخائر کے تحفظ کے لیے اقدامات نہ کیے گئے تو آئندہ نسلوں کو پانی کی شدید کمی کا سامنا ہو سکتا ہے۔
مریم نواز نے تجویز پیش کی کہ بارش کا پانی محفوظ کرنے اور زیر زمین ٹینکوں میں ذخیرہ کرنے سے اس کا بہتر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پانی کی حفاظت کو اپنی ذمہ داری سمجھیں اور اس کے بچاؤ کے لیے عملی اقدامات کریں۔