ماحولیاتی تحفظ کے لیے آج دنیا بھر میں ارتھ آور کا انعقاد

09:35 AM, 22 Mar, 2025

اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ارتھ آور منایا جارہا ہے، جس کا مقصد زمین سے محبت کا اظہار اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے شعور اجاگر کرنا ہے۔ اس موقع پر رات 8:30 بجے ایک گھنٹے کے لیے غیر ضروری روشنیاں بند کردی جائیں گی 
صدر مملکت آصف علی زرداری کا پیغام
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ارتھ آور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ توانائی کے تحفظ اور ماحولیاتی پائیداری کے لیے سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر ضروری برقی آلات بند کرنے سے توانائی کی بچت ممکن ہے اور قومی توانائی تحفظ کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ قابل تجدید توانائی کے ذرائع کو فروغ دینے اور ایندھن بچانے والی گاڑیوں کے استعمال سے ماحول دوست اقدامات کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ زمین کے تحفظ کے لیے اجتماعی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے شدید اثرات سے دوچار ہے، لہٰذا عوام کو ماحولیات کے تحفظ کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔

وزیراعظم نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ آج رات ساڑھے 8 بجے غیر ضروری برقی آلات بند کرکے ارتھ آور کا حصہ بنیں اور ماحول دوست طرز زندگی کو فروغ دیں۔

مزیدخبریں