امجد حسین ایڈووکیٹ بلامقابلہ گلگت بلتستان کے نئے وزیراعلیٰ منتخب

09:37 PM, 22 Jun, 2026

گلگت: پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے امجد حسین ایڈووکیٹ بلا مقابلہ گلگت بلتستان کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہو گئے ہیں۔

گلگت بلتستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر عمران ندیم کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ان کی کامیابی کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے کسی دوسرے امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے، جس کے باعث یہ انتخاب بلا مقابلہ مکمل ہوا۔

اجلاس میں موجود تمام اراکین نے امجد حسین ایڈووکیٹ کی حمایت کی، جس کے بعد ان کی کامیابی کو حتمی قرار دیا گیا۔

امجد حسین ایڈووکیٹ گلگت بلتستان کے پانچویں وزیراعلیٰ کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ وہ حالیہ عام انتخابات میں جی بی اے-1 گلگت سے کامیاب ہوئے تھے اور اس وقت پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے صدر بھی ہیں۔

ان کا سیاسی سفر خاصا طویل رہا ہے، وہ 2010 سے 2015 تک گلگت بلتستان کونسل کے رکن رہے جبکہ 2020 کے انتخابات میں انہوں نے دو حلقوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

نومنتخب وزیراعلیٰ کی حلف برداری کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

اس سے قبل گلگت بلتستان اسمبلی میں اسپیکر کے عہدے پر پیپلزپارٹی کے عمران ندیم اور ڈپٹی اسپیکر کے طور پر مسلم لیگ (ن) کے کفایت الرحمان ایڈووکیٹ بھی بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔

ادھر اپوزیشن اراکین کی درخواست پر اسپیکر عمران ندیم نے مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کے صدر حافظ حفیظ الرحمان کو اپوزیشن لیڈر مقرر کر دیا ہے۔
 
 
 

مزیدخبریں