اسحاق ڈار کی چینی سفیر سے ملاقات، امن کوششوں پر تبادلہ خیال

09:32 PM, 22 Jun, 2026

اسلام آباد: نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پیر کے روز پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ سے ملاقات کی، جس میں خطے کی صورتحال اور امن و استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران چینی سفیر نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد نے خطے میں کشیدگی میں کمی اور حالات کو بہتر بنانے کے لیے مثبت اور مؤثر سفارتی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی ثالثی اور امن کوششوں کے لیے چین کی غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق اسحاق ڈار نے سوئٹزرلینڈ کے شہر برجن اسٹاک میں اسلام آباد میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ (MoU) کے تحت ہونے والے اعلیٰ سطحی مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت سے چینی سفیر کو آگاہ کیا۔

انہوں نے اپنے حالیہ دورہ قاہرہ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ وہاں انہوں نے مصر، سعودی عرب اور ترکی کے وزرائے خارجہ کے ساتھ R-4 ریجنل فارن منسٹرز اجلاس میں شرکت کی، جس کا مقصد خطے میں تنازعات کے پرامن حل اور سفارتی رابطوں کے فروغ کے لیے مشترکہ حکمت عملی کو آگے بڑھانا تھا۔

اسحاق ڈار نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں میں چین کے مسلسل تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی چار نکاتی تجویز اور چین-پاکستان فائیو پوائنٹ انیشیٹو علاقائی سفارت کاری کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

دونوں فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ تمام اختلافات اور تنازعات کا حل صرف مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے، جبکہ کشیدگی کے بجائے بات چیت کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

ملاقات میں اس عزم کا اعادہ بھی کیا گیا کہ پاکستان اور چین خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ اہداف کے لیے باہمی روابط اور تعاون کو مزید فروغ دیتے رہیں گے، اور دونوں ممالک کی اسٹریٹجک شراکت داری کو ہر سطح پر مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
 
 
 

مزیدخبریں