واٹس ایپ پر بلاک ہونے کی شناخت ممکن؟ نیا طریقہ صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا

05:56 PM, 22 Jun, 2026

کیلیفورنیا:  واٹس ایپ پر کسی کی جانب سے بلاک کیے جانے کا اندازہ لگانا ہمیشہ سے صارفین کے لیے ایک مشکل مرحلہ رہا ہے، کیونکہ اس حوالے سے کوئی واضح نوٹیفکیشن یا اطلاع فراہم نہیں کی جاتی۔

عموماً جب کسی شخص کو بھیجا گیا پیغام صرف ایک گرے ٹک پر رکا رہے، اس کی پروفائل تصویر دکھائی نہ دے اور "لاسٹ سین" یا آن لائن اسٹیٹس بھی غائب ہو جائے تو صارف کے ذہن میں بلاک کیے جانے کا شبہ پیدا ہوتا ہے۔ تاہم یہ صورتحال پرائیویسی سیٹنگز کی وجہ سے بھی سامنے آ سکتی ہے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ WABetaInfo کی تازہ رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کا ایک حفاظتی فیچر ممکنہ طور پر صارفین کو یہ سمجھنے میں مدد دے سکتا ہے کہ آیا انہیں بلاک کیا گیا ہے یا نہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ کا خودکار انکرپشن ویریفکیشن سسٹم، جو عام طور پر چیٹ کے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن تحفظ کی تصدیق کے لیے استعمال ہوتا ہے، بعض صورتوں میں بلاک ہونے کا اشارہ بھی دے سکتا ہے۔

اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارف کو متعلقہ چیٹ کھول کر رابطے کے نام پر کلک کرنا ہوتا ہے، جہاں کانٹیکٹ انفارمیشن اسکرین میں موجود "Encryption" آپشن کے ذریعے تصدیقی عمل شروع کیا جا سکتا ہے۔

اگر چیٹ معمول کے مطابق فعال ہو تو واٹس ایپ فوری طور پر انکرپشن کی تصدیق کر دیتا ہے۔ تاہم اگر یہ تصدیق مکمل نہ ہو سکے اور ایپ متبادل ویریفکیشن طریقوں کی تجویز دے تو یہ ممکنہ طور پر بلاک کیے جانے کی علامت ہو سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس عمل کی خاص بات یہ ہے کہ سامنے والے صارف کو اس جانچ کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی جاتی، جس سے بلاک اسٹیٹس کا اندازہ خفیہ طور پر لگایا جا سکتا ہے۔

تاہم واٹس ایپ نے تاحال اس طریقہ کار کو بلاک ہونے کی باضابطہ نشاندہی قرار نہیں دیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ طریقہ حتمی ثبوت فراہم نہیں کرتا بلکہ اسے ایک مضبوط اشارے کے طور پر دیکھا جانا چاہیے، کیونکہ بعض دیگر تکنیکی یا پرائیویسی عوامل بھی اسی نوعیت کی صورتحال پیدا کر سکتے ہیں۔

مزیدخبریں