ایران امریکا مذاکرات میں پاکستان کا اہم کردار، امریکی نائب صدر کا پاکستانی قیادت کو خراجِ تحسین

10:20 AM, 22 Jun, 2026

اسلام آباد: ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی رابطوں کے تناظر میں وزیراعظم  شہباز شریف  اور فیلڈ مارشل  سید عاصم منیرسے امریکی اور ایرانی مذاکراتی وفود نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں میں علاقائی امن و استحکام، ایران امریکا مذاکراتی عمل اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے پاکستانی قیادت کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ان کے اور امریکی صدر کے دوست ہیں۔
جے ڈی وینس نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی حکمت عملی کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی کوششیں اور حکمت عملی نہ ہوتی تو شاید موجودہ پیش رفت ممکن نہ ہوتی۔ امریکی نائب صدر کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ان کی مسلسل بات چیت رہی اور اس عرصے میں ان سے جتنی گفتگو ہوئی، شاید ہی کسی اور سے ہوئی ہو۔

ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں خطے کی بدلتی صورتحال، امن کے امکانات اور سفارتی تعاون کو مزید بڑھانے کے طریقوں پر بھی گفتگو کی گئی۔ سیاسی مبصرین کے مطابق حالیہ رابطے پاکستان کے سفارتی کردار کو اجاگر کر رہے ہیں اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں میں اہم پیش رفت سمجھے جا رہے ہیں۔

مزیدخبریں