برطانیہ کا ایران پر امریکی حملے سے لاتعلقی کا اظہار، خطے میں امن پر زور

08:28 PM, 22 Jun, 2025

لندن: برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایران پر امریکی حملوں میں شریک نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی اولین ترجیح مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کو کم کرنا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران کو فوری طور پر مذاکرات کی راہ اپنانی چاہیے، کیونکہ اس کا جوہری پروگرام عالمی امن کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔

کیئر اسٹارمر نے کہا کہ امریکا نے ممکنہ خطرات کو روکنے کے لیے فوجی اقدام اٹھایا ہے، تاہم ایران کو کسی بھی صورت میں جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

یاد رہے کہ حالیہ امریکی کارروائی میں ایران کی اہم ایٹمی تنصیبات، فردو، نطنز اور اصفہان کو نشانہ بنایا گیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق ان حملوں میں بی ٹو بمبار طیاروں اور ٹوماہاک میزائلوں کا استعمال کیا گیا۔

ایرانی ایٹمی توانائی تنظیم نے ان حملوں کی تصدیق کر دی ہے۔ دنیا بھر میں ان کارروائیوں پر شدید ردِعمل سامنے آیا ہے، اور کئی ممالک نے ان حملوں کی مذمت کی ہے۔

مزیدخبریں