استنبول: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی، جس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر مفصل تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی استحکام کے لیے مشترکہ تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے اور علاقائی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائیاں بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران اپنی علاقائی خودمختاری کو ہر صورت برقرار رکھے گا۔
عباس عراقچی نے کہا کہ امریکہ نے پرامن جوہری تنصیبات پر حملہ کر کے اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تہران اپنی خودمختاری اور عوام کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صدر نے نہ صرف ایران بلکہ اپنی قوم کو بھی دھوکہ دیا ہے۔
عراقچی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا فوری اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا اور عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ پر اس جارحیت میں معاونت کا الزام عائد کیا۔