ایران پر امریکی حملہ، لاطینی امریکی ممالک کی شدید مذمت، آسٹریلیا و نیوزی لینڈ کا سفارتکاری پر زور

01:46 PM, 22 Jun, 2025

لاہور : ایران پر امریکی حملے کے بعد دنیا بھر میں اس پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ لاطینی امریکی ممالک نے اسے غیر قانونی، خطرناک اور اقوام متحدہ کے اصولوں کے خلاف قرار دیتے ہوئے بھرپور مذمت کی ہے۔

کیوبا کے صدر میگوئل دیاز کانیل نے کہا کہ یہ حملہ دنیا کو ایک نئے بحران کی طرف دھکیل سکتا ہے جس کے نتائج بہت سنگین ہوں گے۔

چلی کے صدر گیبریل بورِک نے بھی امریکی کارروائی کو انسانیت کے اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ صرف طاقتور ہونا کسی ملک کو قانون سے بالاتر نہیں بناتا۔

میکسیکو نے زور دیا کہ مسئلہ صرف پرامن بات چیت سے ہی حل ہو سکتا ہے اور کشیدگی کم کرنا ضروری ہے۔

وینزویلا نے بھی امریکا کے اقدام کو سخت الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ اسرائیل کے دباؤ پر کیا گیا، اور فوری جنگ بندی کی اپیل کی۔

ادھر آسٹریلیا نے اگرچہ امریکا کے اقدام کی براہ راست حمایت نہیں کی، مگر ایران کے میزائل پروگرام کو خطرہ قرار دیتے ہوئے سفارتکاری کے ذریعے معاملہ حل کرنے پر زور دیا۔

نیوزی لینڈ کے وزیر خارجہ نے بھی کشیدگی پر تشویش ظاہر کی، لیکن حملے کی مذمت نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام فریقین کو مذاکرات کی میز پر واپس آنا چاہیے کیونکہ بات چیت ہی واحد راستہ ہے۔

مزیدخبریں