کراچی: پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے واضح کیا ہے کہ جہاد کا اعلان صرف ریاست کا اختیار ہے، کسی شخص یا گروہ کو خود سے ایسا اعلان کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
کراچی میں مختلف مذاہب اور سماجی حلقوں کے نمائندوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں رہنے والے تمام شہری، چاہے کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتے ہوں، برابر کے شہری ہیں اور انہیں مکمل آئینی حقوق حاصل ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہا ہے، لیکن پاک فوج ہر محاذ پر جدید حکمت عملی کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نسلی یا لسانی نفرت پھیلانا جہالت ہے، اور ہمیں اتحاد، اتفاق اور یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔
ملاقات میں مختلف مذاہب کے نمائندوں نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے خیالات کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کی بات چیت قومی ہم آہنگی کے لیے اہم ہے، اور ایسی نشستوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔