امریکہ کا ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ، ایران کا جوابی کارروائی کا اعلان

09:50 AM, 22 Jun, 2025

واشنگٹن : امریکا نے ایران کی تین جوہری تنصیبات پر بمباری کی ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں شدید اضافہ ہو گیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق، بی ٹو بمبار طیاروں نے فردو جوہری پلانٹ پر بم گرائے، جس کے نتیجے میں فردو مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ اس کے علاوہ، امریکی آبدوزوں نے ایران کے جوہری مقامات اصفہان اور نطنز پر میزائل داغے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس کارروائی کو بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف امریکا بلکہ اسرائیل اور دنیا کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اب ایران جنگ کے خاتمے پر رضامند ہو جائے گا اور اس طرح کی کارروائی دنیا میں کوئی اور فوج نہیں کر سکتی۔

ایران نے امریکی حملوں کے بعد جوابی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ وہ امریکا کے تمام مشرق وسطیٰ میں موجود اثاثوں کو نشانہ بنائیں گے اور یورپ کے لیے کوئی بحری بیڑہ نہیں پہنچ پائے گا۔ ایران نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز کو بند کر دیں گے، جس سے عالمی توانائی کی ترسیل متاثر ہو سکتی ہے۔

ایران کی طرف سے انتقامی کارروائی کے دھمکیوں اور عالمی تجارتی راستوں کے متاثر ہونے کے خدشات کے باعث خطے میں مزید کشیدگی کا سامنا ہے۔ اس وقت عالمی برادری کی جانب سے فوری طور پر مداخلت کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے تاکہ جنگ کے مزید پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

مزیدخبریں