اسلام آباد : نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے متوقع موسمی تبدیلیوں کے پیش نظر عوام اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ ادارے کے مطابق، بارشوں کے نئے سسٹمز بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے پاکستان کے شمالی علاقوں میں داخل ہو رہے ہیں، جس سے مختلف علاقوں میں شدید موسمی اثرات متوقع ہیں۔
ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں مقامی ندی نالوں میں پانی کی سطح اچانک بڑھ سکتی ہے اور سیلابی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی موجود ہیں، جس سے انفراسٹرکچر اور املاک کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
عوام کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ ڈھلوانی علاقوں، ندی نالوں اور غیر محفوظ مقامات کے قریب جانے سے گریز کریں اور موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہیں۔ ترجمان نے نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا تاکہ شہری علاقوں میں پانی کے جمع ہونے کی صورتحال نہ پیدا ہو۔
ادھر محکمہ موسمیات نے بھی آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور ملحقہ علاقوں میں مزید موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ ادارے کے مطابق، تیز ہواؤں اور آندھی سے درخت گرنے، بجلی کی فراہمی متاثر ہونے اور دیگر نقصانات کا امکان موجود ہے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کمزور عمارتوں، بل بورڈز اور کھلے کھمبوں کے قریب کھڑے ہونے سے اجتناب کریں، اپنی گاڑیاں محفوظ مقامات پر پارک کریں اور غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں۔
مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری فوری طور پر مقامی حکام یا ہیلپ لائن سے رابطہ کریں تاکہ بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔