مشہور یوٹیوبر مسٹر بیسٹ شادی کے بندھن میں بندھ گئے، تھیا بویسین بنیں جیون ساتھی

07:55 PM, 22 Jul, 2026

کیپ ٹاؤن: دنیا کے سب سے زیادہ معروف یوٹیوبرز میں شمار ہونے والے مسٹر بیسٹ، جن کا حقیقی نام جمی ڈونلڈسن ہے، نے اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کر دیا ہے۔

مسٹر بیسٹ نے جنوبی افریقا کی یوٹیوبر تھیا بویسین سے ایک نجی تقریب میں شادی کرلی۔ شادی کی تقریب ایک خوبصورت جزیرے پر منعقد ہوئی، جس کی تصاویر یوٹیوبر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مداحوں کے ساتھ شیئر کیں۔

تصاویر کے ساتھ اپنے پیغام میں جمی ڈونلڈسن نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ "مجھے مسز بیسٹ مل گئی ہیں"۔ انہوں نے اپنی شادی کے دن کو زندگی کا سب سے شاندار دن قرار دیا۔

امریکا سے تعلق رکھنے والے جمی ڈونلڈسن کا شمار دنیا کے کامیاب ترین یوٹیوبرز میں ہوتا ہے۔ ان کا یوٹیوب چینل سب سے زیادہ سبسکرائبرز رکھنے والے چینلز میں شامل ہے، جہاں وہ منفرد چیلنجز، بڑے انعامات اور فلاحی منصوبوں سے متعلق ویڈیوز بناتے ہیں۔

ان کی اہلیہ تھیا بویسین بھی ڈیجیٹل دنیا کی معروف شخصیت ہیں اور جنوبی افریقا سے تعلق رکھتی ہیں۔ وہ قانون اور نفسیات کی تعلیم حاصل کر چکی ہیں جبکہ کئی مواقع پر مسٹر بیسٹ کی ویڈیوز میں بھی شرکت کر چکی ہیں۔

دونوں کی ملاقات پہلی مرتبہ 2022 میں جنوبی افریقا میں ہوئی تھی۔ تھیا بویسین نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ پہلی ملاقات کے وقت وہ یہ دیکھ کر متاثر ہوئیں کہ مسٹر بیسٹ شہرت کے باوجود انتہائی عاجز اور ذہین شخصیت کے مالک ہیں۔

ملاقات کے بعد دونوں کے درمیان تعلق مضبوط ہوتا گیا اور دوستی محبت میں تبدیل ہوگئی۔

رپورٹس کے مطابق جوڑے نے اپنی شادی کی تقریب نیوکر آئی لینڈ میں منعقد کی، جس میں خاندان کے افراد اور قریبی دوستوں سمیت تقریباً 70 افراد شریک ہوئے۔

شادی کی تقریبات 14 جولائی سے شروع ہوئیں اور کئی روز تک جاری رہیں، جن میں جوڑے کے قریبی افراد نے شرکت کی۔
 
 
 

مزیدخبریں