دبئی: دبئی انتظامیہ نے سیاحتی سرگرمیوں میں اضافے کے لیے ایک نئی مہم متعارف کرادی ہے، جس کے تحت وہ مقامی رہائشی افراد جو اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کو دبئی آنے کی دعوت دیں گے، انہیں 800 ڈالر سے زائد مالیت کی خصوصی رعایتیں اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
دبئی میڈیا آفس کے مطابق دبئی محکمہ اقتصادیات و سیاحت نے "اے دبئی انوائٹ" کے عنوان سے مہم شروع کی ہے، جس کا مقصد شہر میں آنے والے سیاحوں کی تعداد بڑھانے کے لیے رہائشیوں کو دبئی کے نمائندوں کے طور پر کردار ادا کرنے کی ترغیب دینا ہے۔
اعلامیے کے مطابق یہ مہم اکتوبر کے آخر تک جاری رہے گی۔ اس اسکیم کے تحت 20 جولائی سے 31 اکتوبر کے دوران دبئی آنے والے مہمانوں کو مدعو کرنے والے رہائشیوں کو 3 ہزار درہم سے زائد مالیت کے فوائد دیے جائیں گے، جن میں ہوٹل میں قیام، کھانے پینے کی سہولیات، تفریحی مقامات کے داخلہ ٹکٹس اور دیگر پیشکشیں شامل ہیں۔
حکام کے مطابق رہائشی افراد آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے اپنے مدعو کیے جانے والے مہمانوں کا اندراج کرا سکتے ہیں اور اس پروگرام سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
دبئی دنیا کے نمایاں سیاحتی مقامات میں شامل ہے جہاں ہر سال تقریباً 19.5 ملین افراد کا رخ ہوتا ہے۔ یہ شہر طویل عرصے سے لگژری سیاحت اور عالمی سطح کی تفریحی سہولیات کے باعث مشہور ہے۔
تاہم حالیہ علاقائی کشیدگی نے دبئی کی سیاحت کو بھی متاثر کیا ہے۔ موسم سرما کے عروج کے سیاحتی دور میں ایران سے متعلق میزائل اور ڈرون حملوں کے باعث متحدہ عرب امارات میں بعض مقامات کو نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں کچھ غیر ملکی سیاحوں نے اپنے سفر منسوخ کیے یا واپسی اختیار کی۔
8 اپریل کو ہونے والی عارضی جنگ بندی کے بعد سیاحوں کی آمد میں بتدریج اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، تاہم سیاحت سے وابستہ صنعت کے افراد کے مطابق کئی ہوٹل اب بھی مقامی صارفین پر زیادہ انحصار کر رہے ہیں۔
دبئی حکومت نے متاثرہ کاروباری شعبوں کی مدد کے لیے مئی میں 40 کروڑ ڈالر سے زیادہ کا اقتصادی پیکج منظور کیا تھا، جس میں ہوٹلوں اور ریستورانوں کے لیے مختلف فیسوں میں رعایت، کسٹمز سے متعلق جرمانوں میں کمی اور سول ایوی ایشن اجازت ناموں کی فیس میں کمی جیسے اقدامات شامل تھے۔
اس سے قبل مارچ میں بھی دبئی حکام نے کاروباری اداروں اور خاندانوں کو معاشی دباؤ سے نمٹنے میں مدد دینے کے لیے 27 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے امدادی اقدامات کا اعلان کیا تھا۔