اسلام آباد: ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ادارے کی جدید تکنیکی صلاحیتوں، ڈیجیٹل نظام اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کو سراہا۔
دورے کے دوران چیئرمین نادرا نے ایرانی وزیر داخلہ کو ادارے کے مختلف شعبوں کی کارکردگی، جدید شناختی نظام، ڈیجیٹل پبلک سروسز اور ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی۔
اس موقع پر اسکندر مومنی نے نادرا کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے اور شہریوں کو بہتر خدمات فراہم کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو قابلِ تعریف قرار دیا۔
انہوں نے نادرا کے شناختی انتظامی نظام اور ڈیجیٹل سہولیات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کی تکنیکی ترقی اور خدمات کی فراہمی کا طریقہ کار قابلِ ستائش ہے۔
ایرانی وزیر داخلہ نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مختلف اداروں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ حاصل ہوگا اور دونوں ممالک مستقبل میں باہمی اشتراک کو مزید مضبوط بنائیں گے۔