آزاد کشمیر کے عوام کو وہی حقوق ملنے چاہئیں جو پاکستان کے دیگر شہریوں کو حاصل ہیں: بلاول بھٹو

05:50 PM, 22 Jul, 2026

میرپور: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے میرپور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ آزاد کشمیر کے مستقبل کے فیصلوں کا اختیار کشمیری عوام کے پاس ہونا چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا میرپور سے تین نسلوں کا تعلق ہے اور جماعت ہمیشہ کشمیری عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ آزاد کشمیر انتخابات انتہائی اہم ہیں اور عوام کا فیصلہ آنے والے وقت کا تعین کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کے حق حاکمیت، حق ملکیت اور حق روزگار کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کو وہی حقوق ملنے چاہئیں جو پاکستان کے دیگر شہریوں کو حاصل ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کے دعوے کرنے والوں کو پنجاب کے دیگر علاقوں کے مسائل بھی دیکھنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ چولستان، راجن پور اور وہاڑی سمیت کئی علاقوں کے عوام بھی ترقی اور سہولیات کے منتظر ہیں۔

بلاول بھٹو نے گلگت بلتستان سے متعلق مسلم لیگ (ن) کے سابقہ دعوؤں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ گلگت کو لاہور بنانے کی بات کرتے ہیں، وہ اپنے ادوار حکومت میں یہ وعدہ پورا نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ جو قصور کو لاہور نہیں بنا سکے، وہ گلگت کو لاہور کیسے بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کا فیصلہ پنجاب یا سندھ نہیں کرے گا بلکہ کشمیر کے عوام خود کریں گے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ مہاجرین کو نمائندگی دی جانی چاہیے، تاہم کشمیر کے معاملات میں کشمیری عوام کی رائے کو مقدم رکھا جائے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اگر عوام پیپلز پارٹی کو دو تہائی اکثریت دیتے ہیں تو آزاد کشمیر کے آئین میں اصلاحات لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے آزاد کشمیر کی نمائندگی قومی سطح کے اداروں میں بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ملک کی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ مہنگائی اور معاشی مسائل عوام کے لیے بڑے چیلنجز ہیں۔ انہوں نے احتجاجی معاملات کے حل کے لیے تحقیقات اور مذاکرات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسائل کا حل پرامن طریقے سے نکالا جانا چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں عوامی حمایت حاصل کرنے کے لیے میدان میں ہے اور کامیابی کی صورت میں عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دے گی۔

مزیدخبریں