وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی امریکی ہم منصب سے ملاقات، معاشی شراکت داری کے فروغ پر زور

10:50 AM, 22 Jul, 2026

واشنگٹن: وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ سے ملاقات کے دوران پاکستان کی معاشی صورتحال، اصلاحاتی اقدامات اور دوطرفہ اقتصادی تعاون پر تفصیلی گفتگو کی۔

وزیرِ خزانہ نے امریکی ہم منصب کو پاکستان میں میکرواکنامک استحکام، برآمدات پر مبنی معاشی ترقی اور حکومت کے جاری اصلاحاتی پروگرام سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پائیدار اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔

محمد اورنگزیب نے خطے کی موجودہ صورتحال کے پاکستانی معیشت پر پڑنے والے اثرات کا بھی ذکر کرتے ہوئے عالمی کیپٹل مارکیٹوں تک بہتر رسائی، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے اور پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر بنانے کے لیے امریکی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاک امریکا اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ اور باہمی تعاون کو نئی جہت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزیدخبریں