پاک فوج کا دیوسائی، بابوسر اور سکردو میں پھنسے سیاحوں کو بچانے کا کامیاب ریسکیو آپریشن جاری

11:48 AM, 22 Jul, 2025

سکردو : گلگت بلتستان کے دیوسائی، بابوسر اور سکردو علاقوں میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پھنسے ہوئے سیاحوں اور مسافروں کو بچانے کے لیے پاک فوج نے ایک بڑا ریسکیو آپریشن شروع کر رکھا ہے جو کامیابی سے جاری ہے۔

پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز اور انجینئرنگ ٹیموں کی مدد سے پھنسے ہوئے سیاحوں کو محفوظ جگہوں پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ اب تک تقریباً پندرہ مرتبہ ہیلی کاپٹر اڑائی گئی ہے جس میں کئی سیاح اور مسافر محفوظ مقام تک پہنچائے جا چکے ہیں۔

سکردو سے سدپارہ اور دیوسائی تک کے راستے دوبارہ کھول دیے گئے ہیں، اور بابوسر اور قراقرم ہائی وے پر بھی ملبہ ہٹانے کا کام زور و شور سے جاری ہے تاکہ راستے مکمل طور پر بحال کیے جا سکیں۔

پاک فوج متاثرین کو خوراک، پانی اور طبی امداد بھی فراہم کر رہی ہے۔ 150 سے زائد تیار کھانے کے پیکٹس ہیلی کاپٹرز کے ذریعے بھیجے گئے ہیں تاکہ پھنسے ہوئے لوگ بھوکے نہ رہیں۔

ساتھ ہی گمشدہ افراد کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں پہاڑی اور دشوار گزار علاقوں میں بھی کام کر رہی ہیں۔

پاک فوج اور متعلقہ اداروں نے مل کر بھرپور کوشش کی ہے کہ جلد سے جلد سب کو محفوظ جگہ پہنچایا جائے، اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اس وقت متاثرہ علاقوں کا سفر نہ کریں تاکہ ریسکیو آپریشن میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔

مزیدخبریں