لندن : برطانیہ، فرانس، جاپان اور دیگر 28 ممالک نے غزہ کی پٹی میں جاری اسرائیلی حملوں کو فوراً روکنے اور وہاں امدادی سامان پہنچانے کی سخت ضرورت پر زور دیا ہے۔ برطانوی حکومت کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں فوری جنگ بند ہونی چاہیے اور متاثرہ علاقوں میں امداد کی ترسیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ عام شہری خصوصاً بچے محفوظ رہ سکیں۔
بیان میں اسرائیل کی جانب سے امدادی سامان پہنچانے میں رکاوٹیں ڈالنے اور سست روی کی سخت مذمت کی گئی ہے۔ ساتھ ہی غزہ میں امداد کے لیے آنے والے نہتے شہریوں اور بچوں پر حملے کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 134 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں، جن میں زیادہ تر افراد امدادی کاموں کے دوران گولیاں لگنے سے زخمی یا شہید ہوئے۔ وزارت صحت نے بتایا کہ کئی جگہوں پر ایمبولینسز اور امدادی کارکنوں کو پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے کئی لوگ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
یہی نہیں، 7 اکتوبر سے اب تک جاری اسرائیلی حملوں میں تقریباً 59 ہزار فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 42 ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔
اس مشترکہ بیان پر آسٹریلیا، فرانس، کینیڈا، ناروے، سویڈن، اسپین، اٹلی، نیوزی لینڈ اور دیگر یورپی ممالک کے علاوہ یورپی کمشنر نے بھی دستخط کیے ہیں۔