گلگت بلتستان میں کلاؤڈ برسٹ کی تباہی، درجنوں سیاح پھنس گئے، 3 افراد جاں بحق

09:53 AM, 22 Jul, 2025

 گلگت : گلگت بلتستان کے بابوسر ٹاپ پر کلاؤڈ برسٹ کے بعد شدید لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب نے علاقے کو تباہ کر دیا۔ 7 سے 8 کلومیٹر کے علاقے میں سڑکیں بند ہو گئیں اور درجنوں سیاح پھنس گئے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق، چلاس میں سیلابی ریلے میں 3 افراد جاں بحق ہوئے، جن کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، اور ایک زخمی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ ریسکیو آپریشن کے دوران پھنسے ہوئے سیاحوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر اور ایس پی دیامر نے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔ حکام کے مطابق، پتھروں کی بڑی مقدار اور مشکل راستوں کے باعث آگے کا علاقہ بھی پیدل پہنچنے کے قابل نہیں ہے۔

چلاس میں سیاحوں کے لیے عارضی رہائش کا بندوبست کیا گیا اور انہیں مقامی ہوٹلوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق بابوسر ٹاپ روڈ مکمل طور پر بند ہے، جبکہ قراقرم ہائی وے کے کچھ مقامات پر گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔ تھک نالہ میں 4 افراد بہہ گئے، جن میں سے 2 کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، باقی 2 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔

پاکستان فوج بھی ریسکیو کارروائیوں میں شریک ہے اور لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔

نیلم وادی میں بھی کلاؤڈ برسٹ سے شدید نقصان ہوا، جہاں مدین میں مکان گرنے سے 3 بچے جاں بحق ہوگئے اور سوات میں بھی 2 بچے برساتی نالے میں بہہ کر مر گئے۔

مزیدخبریں