لاہور:چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر پاکستانی فضائیہ کی کارروائی کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی سلامتی کے خلاف کسی بھی مہم جوئی کا جواب سختی سے دیا جائے گا۔
گزشتہ رات کی گئی کارروائی پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ان عناصر کو نشانہ بنایا ہے جنہوں نے مساجد میں دھماکے کیے اور بے گناہ مسلمانوں کا خون بہایا۔ حافظ طاہر اشرفی نے واضح کیا کہ اگر افغانستان کی سرزمین سے دہشت گردی کا سلسلہ ختم نہ ہوا، تو پاکستان اپنے دفاع میں جوابی کارروائی کا پورا حق محفوظ رکھتا ہے۔
مساجد کو نشانہ بنانے کے الزامات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دشمن کا جھوٹا پروپیگنڈا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاک فوج کی قیادت نے روایتی حریف بھارت کے ساتھ جنگوں میں بھی ہمیشہ عبادت گاہوں کے احترام کا حکم دیا ہے، لہٰذا کسی مسجد کو نشانہ بنانا ناممکن ہے۔
طاہر اشرفی نے پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ "یہ ایمان، جذبے اور تقویٰ والی فوج ہے جو اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے احکامات کے مطابق اپنی ذمہ داریاں نبھاتی ہے"۔ انہوں نے قوم کو یقین دلایا کہ سرحدوں کی حفاظت کے لیے مسلح افواج ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔
پاکستان کی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں ہوگا: حافظ طاہر اشرفی کا افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی تباہی پر بیان
05:17 PM, 22 Feb, 2026