پاکستان کا بڑا دفاعی معرکہ: صومالیہ کے ساتھ 251 ارب روپے کے جے ایف 17 طیاروں کا معاہدہ طے پانے کے قریب

03:42 PM, 22 Feb, 2026

اسلام آباد / موغادیشو : پاکستان اور صومالیہ کے درمیان دفاعی تعلقات میں نئی روح پھونکنے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔ صومالیہ نے اپنی فضائی قوت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پاکستان سے 24 عدد جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے خریدنے کے لیے مذاکرات کا حتمی مرحلہ شروع کر دیا ہے۔
صومالی میڈیا کے مطابق، اس مجوزہ معاہدے کی کل مالیت 900 ملین ڈالر (تقریباً 2 کھرب 51 ارب روپے) ہے۔ یہ ڈیل صومالیہ کے لیے اس لیے بھی تاریخی ہے کیونکہ 1991 کے داخلی بحران کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ملک اپنی فضائی جنگی صلاحیتوں کو باقاعدہ طور پر بحال کرنے جا رہا ہے۔
مذاکرات میں پاکستان کے تیار کردہ جے ایف 17 کے جدید ترین ورژن 'بلاک تھری' کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ اس جامع پیکیج میں درج ذیل نکات شامل ہیں
ٹیکنالوجی: جدید ریڈار اور الیکٹرانک وارفیئر سسٹم سے لیس طیارے۔
تربیت و لاجسٹک: صومالی پائلٹس کی پیشہ ورانہ تربیت اور ہتھیاروں کی فراہمی۔
 ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس ڈیل کو ممکن بنانے کے لیے سعودی عرب اور ترکیہ مالی تعاون فراہم کر سکتے ہیں۔
پاکستان کا جے ایف 17 تھنڈر عالمی مارکیٹ میں تیزی سے اپنی جگہ بنا رہا ہے۔ نائجیریا اور آذربائیجان جیسے ممالک کے بعد صومالیہ سے یہ ممکنہ معاہدہ پاکستان کی دفاعی صنعت کے لیے ایک بڑی معاشی کامیابی ثابت ہوگا۔ واضح رہے کہ عراق اور بنگلہ دیش بھی اس وقت جے ایف 17 کی خریداری کے لیے گہری دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں