کولمبو: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سُپر ایٹ مرحلے میں قدرت نے کھیل کا نقشہ بدل دیا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کولمبو میں شیڈول اہم معرکہ مسلسل بارش کی نذر ہو گیا، جس کے باعث امپائرز نے میچ منسوخ کر کے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ تقسیم کر دیا۔
پاکستان، جو سلمان علی آغا کی قیادت میں میدان میں ہے، اب ایک ایسی پوزیشن پر کھڑا ہے جہاں غلطی کی گنجائش ختم ہو چکی ہے۔ قومی ٹیم کو سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کی خاطر اب انگلینڈ (24 فروری) اور سری لنکا کے خلاف اپنے بقیہ دونوں میچز ہر صورت جیتنا ہوں گے۔ ایک بھی شکست پاکستان کو ٹورنامنٹ سے باہر کر سکتی ہے، جبکہ دونوں فتوحات انہیں 5 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچا دیں گی۔
دوسری جانب، بھارتی میڈیا میں اس خبر نے کھلبلی مچا دی ہے کہ اگر پاکستان سیمی فائنل تک پہنچ جاتا ہے تو بھارت اپنے ہوم گراؤنڈ وانکھیڈے اسٹیڈیم (ممبئی) میں سیمی فائنل کھیلنے سے محروم ہو سکتا ہے۔
2027 تک طے شدہ 'ہائبرڈ ماڈل' کے تحت پاکستان اور بھارت کے درمیان سیمی فائنل ممبئی یا کولکتہ کے بجائے کولمبو منتقل کر دیا جائے گا۔ممکنہ سیمی فائنل کی تاریخ 4 مارچ بنتی ہے، جس دن بھارت میں ہولی کا بڑا تہوار منایا جائے گا، جو شیڈولنگ کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔پاکستان کی موجودگی کی صورت میں بھارت کو اپنے ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلنے کا موقع نہیں ملے گا اور میچ سری لنکا منتقل ہو جائے گا۔
شائقینِ کرکٹ کی تمام تر توجہ اب 24 فروری کے پاک،انگلینڈ ٹاکرے پر مرکوز ہے، جو اس ورلڈ کپ کے سیمی فائنلسٹ کا فیصلہ کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ورلڈ کپ سُپر 8: بارش نے پاکستان کا امتحان بڑھا دیا، سیمی فائنل میں پاک،بھارت ٹاکرے کا مقام تبدیل ہونے کا امکان
03:13 PM, 22 Feb, 2026