کیلیفورنیا: واٹس ایپ نے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کا طویل عرصے سے صارفین کو انتظار تھا۔ اس فیچر کی مدد سے گروپ چیٹس میں نئے شامل ہونے والے افراد کو حالیہ میسجز اور میڈیا فائلز شیئر کی جا سکیں گی تاکہ وہ آسانی سے گروپ میں ہونے والی بات چیت کو سمجھ سکیں۔
اب گروپ کے پرانے اراکین نئے اراکین کو گزشتہ 14 دنوں کے 25 سے 100 میسجز تک شیئر کر سکیں گے۔ اس فیچر کا مقصد یہ ہے کہ نئے اراکین کو پرانے میسجز تک رسائی حاصل کرنے کے لیے کسی سے مدد نہ لینی پڑے۔ یہ میسجز مختلف رنگ میں دکھائے جائیں گے تاکہ نئے اراکین کو یہ پتہ چل سکے کہ یہ پرانے پیغامات ہیں۔
یہ فیچر اختیاری ہوگا، اور جب چیٹ ہسٹری شیئر کی جائے گی تو گروپ کے باقی اراکین کو نوٹیفکیشن بھی ملے گا جس میں بتایا جائے گا کہ کس فرد نے یہ پرانے میسجز شیئر کیے ہیں۔ اس فیچر کی بدولت گروپ ایڈمنز کو میسجز دستی طور پر بھیجنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، اور سب کے لیے یہ عمل مزید آسان ہو جائے گا۔