پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو ایک واضح پیغام مل چکا ہے کہ ہماری سرزمین کمزور نہیں ، طارق فضل چودھری

10:53 AM, 22 Feb, 2026

اسلام آباد : وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کی افغانستان میں بروقت کارروائی معصوم جانوں کا بدلہ ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ افغانستان میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو پاک فضائیہ کے شاہینوں نے کامیابی سے نشانہ بنایا، اور پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو ایک واضح پیغام مل چکا ہے کہ ہماری سرزمین کمزور نہیں، یہ شہداء کے خون سے مضبوط ہے۔

طارق فضل چودھری نے کہا کہ یہ کارروائی دراصل اُن جانوں کا بدلہ ہے جو دہشت گردی کے ہاتھوں ضائع ہو گئیں۔ یہ صرف ایک آپریشن نہیں تھا، بلکہ یہ ہر اُس ماں کے غم کا جواب تھا جس نے اپنے بیٹے کو وطن کے لیے قربان کیا، اور ہر اُس بچے کے خواب کا دفاع تھا جو ایک محفوظ پاکستان چاہتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو بھی پاکستان کو کمزور سمجھنے کی غلطی کرے گا، وہ یہ یاد رکھے کہ ہم امن چاہتے ہیں، لیکن اپنی سرزمین، اپنے عوام اور اپنے وقار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ پاکستان کی حفاظت کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا، اور ریاست پر اٹھنے والی ہر میلی نظر کو ختم کیا جائے گا۔

طارق فضل چودھری نے کہا کہ یہ وطن ہماری پہچان، غیرت اور ایمان ہے۔ پاکستان ہمیشہ رہے گا، جیسا کہ پہلے تھا، ویسا آج بھی ہے اور ہمیشہ رہے گا۔

مزیدخبریں