پاکستان کا افغان طالبان کے ٹھکانوں پر حملہ، 7 دہشتگرد کیمپ نشانہ بنائے گئے

09:10 AM, 22 Feb, 2026

اسلام آباد : پاکستان نے افغان طالبان کی دہشتگردانہ کارروائیوں کا جواب دیتے ہوئے افغانستان میں دہشتگردوں کے 7 ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ وزارت اطلاعات و نشریات کے جاری کردہ بیان کے مطابق، پاکستان میں حالیہ خودکش حملوں میں افغانستان میں موجود دہشتگرد گروپوں اور ان کے سہولت کاروں کا ہاتھ تھا۔ ان حملوں میں اسلام آباد کی امام بارگاہ، باجوڑ اور بنوں میں ہونے والی کارروائیاں شامل ہیں، جن کی ذمہ داری افغانستان میں موجود پاکستانی طالبان اور دیگر دہشتگرد گروپوں نے قبول کی۔

پاکستان کے پاس اس بات کے ٹھوس شواہد ہیں کہ یہ حملے افغانستان میں موجود دہشتگرد قیادت کی ہدایات پر کیے گئے۔ وزارت نے کہا کہ پاکستان نے کئی بار افغان طالبان حکومت سے درخواست کی کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشتگرد گروپوں کے لیے استعمال ہونے سے روکے، مگر افغان حکومت اس معاملے میں مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام رہی۔

پاکستان نے اپنی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے جوابی کارروائی کی اور انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر دہشتگردوں کے 7 کیمپس اور ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ وزارت کا کہنا تھا کہ پاکستان امن اور استحکام چاہتا ہے، مگر اس کی اولین ترجیح اپنے عوام کی حفاظت ہے۔

پاکستان نے افغان حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داری پوری کرے اور اپنی سرزمین کو دہشتگردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔ عالمی برادری سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ افغان طالبان پر دباؤ ڈالے تاکہ وہ دوحہ معاہدے کے تحت اپنے وعدوں پر عمل کرے اور خطے میں امن قائم ہو سکے۔

مزیدخبریں