شملہ: بھارت کے ایک سرکاری اسپتال میں ڈاکٹر کی جانب سے مریض پر جسمانی تشدد کی ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس کے بعد عوامی سطح پر سخت ردِ عمل سامنے آیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، یہ واقعہ شملہ کے اندرا گاندھی میڈیکل کالج (آئی جی ایم سی) میں پیش آیا، جہاں ایک ڈاکٹر نے مبینہ طور پر مریض پر تشدد کیا۔ ویڈیو میں ڈاکٹر کو بیڈ پر لیٹے ہوئے مریض کو مکے اور تھپڑ مارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ مریض بھی اپنی صفائی میں مزاحمت کرتا نظر آ رہا ہے۔
مریض کی شناخت ارجن پوار کے طور پر کی گئی ہے، جو اینڈوسکوپی کے لیے اسپتال آیا تھا۔ اینڈوسکوپی کے بعد ارجن کو سانس میں مشکل پیش آئی، جس کے بعد وہ دوسرے وارڈ میں آرام کرنے کے لیے بستر پر لیٹ گیا۔ اس دوران ڈاکٹر سے اس کی تلخ کلامی ہو گئی، جس کے نتیجے میں تشدد کا واقعہ پیش آیا۔
مریض کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر نے پہلے ارجن کے ساتھ بدتمیزی کی اور پھر لفظی لڑائی کے بعد اس پر جسمانی تشدد کیا۔
اس واقعے کے فوراً بعد اسپتال کے باہر لوگوں کا ہجوم جمع ہو گیا، جہاں مریض کے اہل خانہ اور احتجاج کرنے والوں نے ڈاکٹر کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا اور سخت سزاؤں کا مطالبہ کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، مریض کے اہل خانہ نے اس معاملے کی رپورٹ پولیس میں درج کرائی ہے اور ڈاکٹر کے خلاف قانونی کارروائی کی درخواست کی ہے۔
عوامی ردِ عمل کے پیش نظر، آئی جی ایم سی کی انتظامیہ نے اس واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے ایک داخلی کمیٹی قائم کر دی ہے۔