اسلام آباد : پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند افراد کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ محکمہ پاسپورٹس نے ایک نیا نظام متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے پاسپورٹ کی درخواستوں، پرنٹنگ اور اس کی تکمیل کی نگرانی کی جائے گی۔ اب درخواستوں کی پروسیسنگ اور پاسپورٹ کی ڈیلیوری کو رئیل ٹائم میں مانیٹر کیا جا سکے گا، چاہے وہ پاکستان ہو یا دنیا کے کسی بھی حصے میں۔
محکمہ پاسپورٹس کی ہدایت پر ہیڈ کوارٹرز میں ایک خصوصی مانیٹرنگ روم قائم کیا گیا ہے جو 24 گھنٹے کام کرے گا۔ اس روم کے ذریعے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ پر روزانہ کی کارروائیوں کی نگرانی اور تجزیہ کیا جائے گا۔ نئے سسٹم کے تحت، درخواست سے لے کر پاسپورٹ کی ڈیلیوری تک ہر مرحلے کو مانیٹر کیا جائے گا اور دفاتر میں رش کی صورت حال کا بھی پتہ چل سکے گا۔
اس کے علاوہ، اس سسٹم میں اسٹاف کی کارکردگی، پرنٹنگ کے عمل اور مشینری کی حالت بھی چیک کی جائے گی تاکہ کسی بھی مسئلے کا فوراً حل نکالا جا سکے۔