دبئی: ٹیسلا، اسپیس ایکس، ایکس (سابق ٹوئٹر) اور اسٹارلنک کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک نے دبئی کا دورہ کیا، جہاں دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے ان کا استقبال کیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے متحدہ عرب امارات میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں شراکت داری بڑھانے پر بات کی۔ اس دوران آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI)، ڈیجیٹل معیشت اور مستقبل کی ٹیکنالوجیز پر تفصیل سے گفتگو ہوئی۔ دونوں طرف سے دبئی کو دنیا کے اہم ٹیکنالوجی ہب کے طور پر دیکھنے اور اسے مزید ترقی دینے کا عزم ظاہر کیا گیا۔
ایلون مسک نے متحدہ عرب امارات میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت کو سراہا، خاص طور پر ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور انسانی وسائل میں کی جانے والی سرمایہ کاری پر اپنی تعریف کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ مستقبل میں جدید ڈیجیٹل سسٹمز کو مزید مضبوط کرنے اور ہنر مند افرادی قوت میں سرمایہ کاری پر زور دیا جائے گا۔