ریاض: سعودی عرب میں اقامہ، لیبر اور سرحدی قوانین کی خلاف ورزیوں پر ایک ہفتے کے دوران 12 ہزار 661 غیرقانونی تارکین وطن کو ملک سے واپس بھیج دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق، 11 سے 17 دسمبر تک سعودی حکام نے مجموعی طور پر 17 ہزار 880 خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں۔ ان میں 11 ہزار 190 افراد کو اقامہ قوانین کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا، 3 ہزار 801 افراد کو غیرقانونی سرحد عبور کرنے کی کوشش پر پکڑا گیا، اور 2 ہزار 889 افراد کو لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر حراست میں لیا گیا۔
ایک ہزار 509 افراد کو سعودی عرب میں غیرقانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑا گیا، جن میں سے زیادہ تر ایتھوپیا (55 فیصد) اور یمن (44 فیصد) کے شہری تھے۔ سعودی حکام نے اس کے علاوہ 40 افراد کو سعودی عرب سے ہمسایہ ممالک میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے بھی پکڑا۔
سعودی عرب میں غیرقانونی تارکین وطن کو سفر، رہائش یا ملازمت فراہم کرنا قانوناً جرم ہے اور اس کے لیے سخت سزائیں رکھی گئی ہیں۔ سعودی وزارت داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ جو بھی شخص غیرقانونی تارکین وطن کو سعودی عرب میں داخل ہونے میں مدد دے گا، اسے 15 سال قید اور 10 لاکھ ریال جرمانے کی سزا کے علاوہ گاڑی اور جائیداد کی ضبطی بھی ہو سکتی ہے۔